حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسین مومنی نے حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا میں خطاب کرتے ہوئے کہا: سورہ فتح کی آیت نمبر 4 میں دل میں ایمان کی زیادتی کو ہدف اور غرض قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا: روایات میں دل کی تین اقسام بیان کی گئی ہیں: (۱)۔ وہ دل کہ جو دنیا کی محبت میں گرفتار ہو۔ (۲)۔ وہ دل کہ جس میں آخرت کی محبت ہو اور (۳)۔ وہ دل کہ جس میں اپنے مولا کی محبت پائی جاتی ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ دل جو دنیا کی محبت میں گرفتار ہو وہ سختیوں اور مشکلات کا شکار ہو گا۔ وہ دل کہ جس میں آخرت کی محبت پائی جاتی ہو وہ اخروی درجات حاصل کرے گا اور وہ دل کہ جس میں اپنے مولا کی محبت پائی جاتی ہو وہ دنیاوی کمالات کے ساتھ ساتھ اخروی کمالات بھی حاصل کرے گا اور قرب خداوندی بھی کہ مولا سے مراد بھی یہی ہے۔
دینی علوم کے اس استاد نے کہا: روایات میں آیا ہے کہ کانوں اور آنکھوں کی حفاظت کریں کیونکہ کانوں اور آنکھوں کے اعمال مستقیماً دل پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: ہمیشہ ذکر کی حالت میں رہنا بھی دل پر اثر کرتا ہے اور دل کے سامنے سے پردوں کو ہٹا دیتا ہے اور انسان کے دل میں واقعی سرور اور مسرت لاتا ہے۔